منگلورو 20 / نومبر (ایس او نیوز) سورتکل کے قریب کٹلا میں ایک آنگن واڈی اسکول کے قریب پارک کی گئی وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے علاقے میں افراتفری مچ گئی ۔
مقامی لوگوں نے اپنے طور پر آگ بجھانے کی کوشش کرنے کے علاوہ فائر بریگیڈ کو اطلاع کر دی ۔ مگر تمام تر کوشش کے باوجود وین پوری طرح جل کر تباہ ہوگئی ۔
بتایا جاتا ہے شویتا نامی کسی خاتون کے نام پر 2015 میں رجسٹر کی گئی یہ وین اس مقام پر گزشتہ تین دن سے یوں ہی پارک کی ہوئی تھی ۔ وین میں اچانک آگ لگنے کا سبب معلوم نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے مقامی افراد کے ذہنوں میں کئی سوالات ابھر رہے ہیں ۔
لوگوں کو اس بات پر تشویش محسوس ہو رہی ہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے کدری، سورتکل این آئی ٹی کے، اڈیار وغیرہ کے علاقے میں اسی انداز میں موٹر گاڑیوں میں آگ لگنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں ۔